ویٹرنری طلبہ و طالبات کا استحصال بند کیا جائے ، فاروق اعظم

89

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروق اعظم کاکہنا ہے کہ پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل زرعی یونیورسٹی کے ویٹرنری طلبہ و طالبات کا استحصال بند کرے۔چند افراد کی ذاتی مخاصمت کی وجہ سے ویٹرنری کے طلبہ بارہا اذیت کا نشانہ بنانا کھلی بدمعاشی ہے، گزشتہ روز ویٹرنری فیکل زرعی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی نمائندہ تنظیم دی ینگ ویٹس کے صدر ڈاکٹر محسن علی کے ہمراہ مختلف بیجز کے نمائندہ طلبہ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پری ایگریکلچر کی ڈگری کے حوالے سے یونیورسٹی، انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینزاور طلبہ کی جانب سے پی وی ایم سی کے تمام مطالبات منظور ہو جانے کے بعد بھی طلبہ کو لائسنس جاری نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پی وی ایم سی ذاتی عناد کی بنیاد پر طلبہ کا استحصال کر رہی یے۔ اس موقع پر طلبہ نمائندوں کا کہنا تھا کہ اگر دو ہفتوں میں طلبہ کو لائسنس جاری نہ کیے گئے تو پی وی ایم سی کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سخت احتجاج سمیت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پروفیشنل کونسلیں طلبہ کے زبردست احتجاج کے بعد طلبہ کی سہولت کیلیے بنائی گئی تھیں لیکن اب طلبہ و طالبات کیلیے ہی وبال جان بن کر رہ گئی ہیں۔