۔25 جولائی کا الیکشن اسلام اور سیکولر قوتوں کے درمیان جنگ ہے

153

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے نور پورہ ستیانہ روڈ پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کا الیکشن اسلام اور سیکولر قوتوں کے درمیان جنگ ہے۔ ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے جو ایک بار پھر اپنے آلہ کاروں کو اقتدار کے ایوانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں مگر پاکستان کے غیرت مند اور اسلام پسند عوام اس بار ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے، مجلس عمل پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی چاہتی ہے اور ملک میں مدینہ منورہ جیسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔ 25 جولائی احتساب اور انقلاب کا دن ہے۔ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور بددیانت ٹولے کا احتساب کریں اور متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں تاکہ اقتدار میں آکر ان لٹیروں سے قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائے۔ اس موقع پر امیدوار پی پی 115 رائے محمد اکرم کھرل، امیدوار پی پی 114 مفتی عبدالشکور رضوی، میاں عبدالستار بیگا، سابق یوسی ناظم میاں اجمل حسین بدر، رانا وسیم ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیدوار پی پی 115 رائے محمد اکرم کھرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ انتہائی اہم فریضہ ہے ووٹ کے وزن کو اسلامی نظام کے نفاذ کے پلڑے میں ڈالا جائے۔