ایم ایم اے ملک میں تمام شہریو ں کویکساں حقوق دینے کی جدوجہد کررہی ہے

140

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ قوم جانتی ہے کہ تما م پارٹیوں کی صفوں میں پاناما لیکس ،لینڈ،شوگروڈرگ مافیا اورقرض معاف کروانے والوں کی لمبی فہرست ہے لیکن ہماری صفوں میں کوئی کرپٹ ،بددیانت اورقرض لے کرہڑپ کرنے والا نہیں ہے،مذہبی جماعتو ں کے ممبران بارہا حکومتوں کا حصہ رہے لیکن انہوں نے قوم کی امانتوں میں خیانت کرکے اپنی تجوریاں نہیں بھریں ۔اگر ملک میں اسلامی نظام ہوتا تو کسی آمر اور ڈکٹیٹر کو جمہوریت اور آئین سے کھیلنے کی کبھی جرأت نہ ہوتی ۔ آج تک ملک میں جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم رہیں ، 70برس سے ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں مل سکا،ایم ایم اے ملک میں تمام شہریو ں کویکساں حقوق دینے کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ کسی کو عام آدمی کے استحصال کی جرأت نہ ہو ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پی پی 13کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرنامزد امیدوارمحمدتاج عباسی ،مشتاق انجم،خالد وڑائچ ،طاہربلوچ سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطا ب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ایم ایم اے اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کرکے اسلام کا معاشی نظام دے گی تاکہ عوام کو غربت، مہنگائی ، بے روز گاری اور ظالمانہ ٹیکسوں سے نجات مل سکے ۔ مغرب اور امریکا سیکولر پارٹیوں کی سرپرستی کررہے ہیں تاکہ پاکستان کو اسلام سے دور رکھا جاسکے ۔