انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کی جارہی ہے، میاں مقصود

138

لاہور (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی پری پول دھاندلی کی جارہی ہے۔ اقتدار کی ہوس اور لالچ میں کچھ لوگ کسی بھی قسم کے ضابطہ اخلاق کی پابندی نہیں کررہے۔ قانون بھی ان کے لیے موم کی ناک بن گیا ہے۔ ملک کو اناڑیوں اور کھلاڑیوں سے بچانا ہے۔ ریاستی اداروں کے درمیان محاذ آرائی کا فائدہ صرف اورصرف ملک دشمن قوتوں کو ہوگا۔ ہمیں اپنے مسائل خود مل بیٹھ کر حل کرنے چاہییں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی تحفظات کو فوری دور کرنے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 17 ہزار پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیے ہیں۔ عوام اور امیدواروں کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا نگراں حکومت اور سیکورٹی اداروں کی اولین ذمے داری بنتی ہے۔ جس انداز میں انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے وہ آنے والے دنوں میں مزید سنگین ثابت ہوسکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ 25 جولائی ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کا دن ہے۔ قوم اپنے حق رائے دہی کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں۔ الیکشن کمیشن افسروں کی جانب سے ووٹر لسٹیں فراہم کرنے کے عوض امیدواروں سے لاکھوں روپے بٹورنے کی خبریں تشویش ناک ہیں۔ قومی وصوبائی اسمبلی کے 12 ہزار 5 سو سے زائد امیدواروں نے حلقے کی ووٹر لسٹوں کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن افسروں سے رجوع کیا جس پر الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کی سادہ فوٹو کاپی اور تصویر کی حامل ووٹر لسٹ کی کاپی فراہم کرنے کا کہا تھا مگر اس اقدام میں بھی رشوت خوری کی اطلاعات پر الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے اور ملوث افراد کیخلاف آئین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔