آج کادن اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا،میاں مقصود

144

لاہور(وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ 25جولائی کادن ملک میں اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرے گا۔متحدہ مجلس عمل خیبرپختونخوا ،پنجاب سمیت سندھ اوربلوچستان میں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی۔ملک میں تبدیلی کی ہواچل پڑی ہے۔ عوام مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی کی حقیقت جان چکے ہیں۔ان سب نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔کاغذی منصوبے ریت کی دیوار کی مانند زمین بوس ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم اس وقت نازک دور سے گزررہے ہیں۔محب وطن قیادت ہی درپیش بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔دھاندلی سے متعلق خدشات،شکوک وشبہات کوختم کرنا الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے مگر بدقسمتی سے دونوں ہی اس ذمے داری سے غفلت برت رہے ہیں ۔سیکورٹی سے متعلق بھی ہنگامی فول پروف انتظامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کے عام انتخابات اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ عوام حقیقی نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔ماضی کے حکمرانوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ڈالر 130روپے کاہوگیا۔مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔بیرونی دہشت گردپاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے خوف وہراس پھیلارہے ہیں۔عوامی مسائل جوں کے توں ہی ہیں۔پاکستان معاشی لحاظ سے مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں صرف اورصرف اسلام کافلاحی نظام ہی کامیاب ہوسکتاہے۔عوام نے سیکولراور لبرل جماعتوں کوآزمالیا ہے،اب وقت آن پہنچاہے کہ اسلامی طرزحکمرانی کوموقع دیاجائے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس عمل اللہ تعالیٰ کاخاص انعام ہے جو پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی فلاحی ریاست بنائے گی۔ ہم برسراقتدار آکرنئی خارجہ پالیسی بنائیں گے اور دوست ممالک کو ساتھ لے کر اسلامی دنیا کے مسائل حل کریں گے۔مہنگائی کوختم اور دہشت گردی کے ناسور کاقلع قمع کریں گے۔