عوام جمہوری عمل کے استحکام کیلیے آج گھروں سے نکلیں ،سینیٹر مشتاق خان

113

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری عمل کے استحکام کے لیے آج گھروں سے نکلیں اور ووٹ کی طاقت سے 70برس سے قابض مافیا سے ووٹ کی طاقت سے انتقام لیں۔پاکستان کو نظام مصطفی ﷺ کا نمونہ بنانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دیں، 25جولائی کو جیت ان شاء اللہ متحدہ مجلس عمل کی ہوگی۔ المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ 25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ پانچ سال کے لیے ملک اور صوبہ کسی کے حوالے ہوگا، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے ناسوروں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے بے دخل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے پاکستان میں اسلامی حکومت اور نظام مصطفی ﷺ کے قیام کے لیے کوشاں ہے، عوام پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے والوں کو منتخب کرنے کے بجائے پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنانے والوں کو ووٹ دیں۔ متحدہ مجلس عمل کے پاس ایسی قیادت ہے جو پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی آج 25جولائی کو عوام متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دیں اور کتاب کے نشان پر مہر لگائیں ۔