متحدہ کا پولنگ ایجنٹ بننے سے انکار پر تدریسی عملے کو دھمکیاں

189

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع وسطی کے محکمہ تعلیم نے متحدہ قومی موومنٹ (بہادرآباد) کی الیکشن مہم میں پولنگ ایجنٹس کے لیے اپنے تدریسی اور غیر دتدریسی عملے کی خدمات دے دی ۔ 15سے زائد عملے کی پہلی فہرست تیار کر کے مرکز ارسال کردی۔پولنگ ایجنٹ نہ بننے پر کارروائی کی دھمکیاں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے جنرل الیکشن کو متنازع بنانے میں سرکاری افسران ہی پیش پیش ہیں ۔ڈائریکٹر اسکول ضلع وسطی عرفان کی جانب سے ضلع بھر کے ان تدریسی و غیر تدریسی عملے کو بذریعہ فون کال یہ احکامات دیے گئے ہیں کہ آپ کی جنرل الیکشن مین ڈیوٹی نہیں لگی ہے تو آپ کی متحدہ قومی موومنٹ (بہادرآباد) کے ضلع وسطی میں قومی و صوبائی کے امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ جس پر کچھ ملازمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس طرح کی سیاسی پارٹی کے پولنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے کیونکہ ہم سرکاری ملازم ہیں،اس طرح کے کام سے ہماری نوکری بھی جاسکتی ہے ،اس لیے ہم پولنگ ایجنٹ نہیں بنیں گے۔جس پر ڈائریکٹر اسکولز کی جانب سے معطلی، تبادلے اور دیگر کارروائی کی دھمکیاں دیں۔ذرائع کا مزید کہناہے کہ ڈائریکٹر اسکولز ڈسٹرکٹ سینٹر ل کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ (بہادرآباد)کو15سے زائد تدریسی و غیر تدریسی عملے کو بطورپولنگ ایجنٹ بنانے کے لیے ان کے ناموں کی فہرست ارسال کردی ہے۔ان میں زیادہ تر عملے کی ڈیوٹیاں بفرزون اورشادمان ٹاؤن کے علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں میں لگائی گئی ہیں۔ڈائریکٹر اسکولز ڈسٹرکٹ سینٹر ل عرفان کی جانب سے اس طرح کے کئی غیر قانونی اقدامات پر نہ تو میونسپل کمشنر کوئی کارروائی کرتے ہیں اور نہ ہی ضلعی چیئرمین ریحان ہاشمی کوئی کارروائی کرتے ہیں۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر اسکولز ڈسٹرکٹ سینٹر ل عرفان اورڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان شاکر حیدر سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کال موصول نہیں کی۔