نواز شریف اسپتال جانے سے انکار،جیل ہی میں طبی سہولیات پر اصرار

87

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں معائنہ کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ الٹراساؤنڈ کے لیے اسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے تمام طبی سہولیات جیل ہی میں فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل تین رکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں اسیر سابق وزیراعظم نواز شریف کا ایک بار پھرمعائنہ کیا۔ میڈیکل ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کی صحت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کچھ الٹراساؤنڈ تجویز کیے جس کے لیے ڈاکٹرز نواز شریف کو اپنے ہمراہ اسپتال لے جانا چاہتے تھے تاہم سابق وزیراعظم نے جیل سے باہر جانے سے انکار کرتے ہوئے الٹراساؤنڈ جیل ہی میں کرانے کا مطالبہ کردیا۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو بھی میڈیکل ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کی پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عدنان 20 سال سے نواز شریف کے پرسنل فزیشن ہیں اور ان کی صحت سے متعلق ہسٹری سے بھی آگاہ ہیں اس لیے ان کی شمولیت سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔دوسری جانب نواز شریف کے پرسنل فزیشن ڈاکٹر عدنان نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ وہ بارہ دن سے اڈیالہ جیل کا چکر لگا رہے ہیں لیکن انہیں نواز شریف سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے جس پر انہیں تشویش ہے تاہم اگر انہیں ٹیم میں شامل کرلیا جاتا ہے تو یہ خوش آئند بات ہوگی۔واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اڈیالہ جیل میں اسیر ہیں جہاں پانی کی کمی کے باعث ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس پر پمز اسپتال کے ڈاکٹر مجاہد، ڈاکٹر شفیق اور ڈاکٹر ذوالفقار پر مشتمل تین رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے سابق وزیراعظم کا معائنہ بھی کیا تھا۔