متحدہ مجلس عمل کی انتخابی مہم میں حصہ لینے والوں کے شکرگزار ہیں

119

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے اپنے تمام عہدیداران ٗ ارکان و کارکنان ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے ذمے داران اور کارکنان سمیت عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے کہ جنہوں نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور کتاب پر مہر لگائی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ہار جیت سے قطع نظر ہماری تمام تر جدوجہد اللہ کے دین کے غلبہ کے لیے ہے۔ انتخابی مہم بھی اللہ کے دین کی دعوت کے سلسلے میں بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ ہم اپنے اُن تمام دوست و احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے دامے ٗ درمے ٗ قدمے ٗسخنے اور قلمے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدواروں کے لیے دن رات کام کیاہے ۔ خالصتاً اللہ کی رضا کے لیے کیے جانے والے اس کام کا اجر بھی ان شاء اللہ ہم سب کا رب ہی دے گا ، کیونکہ وہ دلوں کے حال جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی ریاست بنانے کے سلسلے میں ہماری جدوجہد جاری ہے۔ انتخاب کا مرحلہ تو ایک سنگ میل ہے۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے بھی دُعا گو ہیں کہ وہ ہماری سعی وجہد کو قبول فرمائے۔ لوگوں کے دلوں کو اللہ کے دین کی دعوت کے لیے کھول دے۔ہم سے وہ کام لے کہ جس سے وہ قیامت کے دن ہم سے راضی ہو جائے۔