الیکشن ڈیوٹی پر مامور گاڑی کو حادثہ ،5فوجی جوان شہید 

151

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) الیکشن ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران حادثے کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 میں انتخابی سامان کی ترسیل کے بعد واپسی آتے ہوئے گاڑی 250 فٹ گہری کھائی میں گرنے کے باعث 5 نوجوان شہید ہو گئے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ فرض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی اور قربانی نہیں ہو سکتی۔ وطن کے بیٹوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے شفاف اور پْرامن انعقاد کے لیے نگراں حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے ملک بھر انتخابی سامان کی ترسیل اور پولنگ اسٹیشن میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ساڑھے تین لاکھ جوانوں اور افسروں نے خدمات انجام دیں۔