شیخ رشید کی سردار عتیق سے ملاقات‘الیکشن میں حمایت پر اظہار تشکر

102

راولپنڈی(آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی مجاہد منزل آمد۔صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے طویل ملاقات کی۔ملاقات میں الیکشن میں حمایت پر سردار عتیق اور مسلم کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے ، تحریک تکمیل پاکستان کے مشن کو مسلم کانفرنس جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کرپٹ مافیا نشان عبرت بن گئی، اب پاکستان ترقی کرے گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی، عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر سردار عتیق نے کہا کہ نواز شریف بھارتی دوستی میں پاکستانی مفاد بھول گئے تھے، قوم نے نواز شریف کے نظریے کو مسترد کردیا۔کشمیری عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہیں۔امیدہے تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔عمران خان نے اپنی تقریر میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کیا اوربھارت کو مذاکرات کی دعوت دی۔