جماعت اسلامی اورایم ایم اے کے کارکنان انتخابی نتائج کے بعد بھی پرعزم ہیں

95

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اورایم ایم اے کے کارکنان انتخابی نتائج کے بعد بھی پرعزم ہیں ۔دین کی سربلندی، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت سے غافل نہیں رہیں گے، ہر اچھے کام کی حمایت اور عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، فیصل آبادکے ووٹرز اور سپورٹر ز کے مشکور ہیں جنہوں نے اعتماد اظہار کرتے ہوئے ہمیں ووٹ دیا اور ہماری جدوجہد کا حصہ بنے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ناقص انتظامات اور رپوٹ ہونے والی دھاندلیوں کی وجہ سے قومی الیکشن عوام کی نظروں میں مشکوک بن گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا فی الفور نوٹس لینا ہو گا۔ اداروں کی طرف سے سب اچھا کی گردان ملک و قوم کو مزید بحرانوں کا شکا ر کرے گی ۔ قوم کو امانت اور دیانتدار قیادت کی طرف ہی لوٹنا ہو گا کیونکہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت اور اقامت دین کے لیے جدوجہد جاری رہے گی ۔جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ جدوجہداور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ایک طویل تاریخ رقم کی ہے۔ہم اپنے اس فریضہ کی ادائیگی کے لیے پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں ہیں اور ہماری کوششوں میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔