شہر میں ملاوٹ شدہ اشیا خورونوش کی بھرمار ہے، میاں زبیر لطیف

136

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر میاں عبدالستار بیگا، رانا نعیم اکرم نے کہا ہے کہ شہر بھر میں ملاوٹ شدہ اشیا خورونوش کی بھرمار، عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ جوس، آٹا، دودھ، گوشت، مرچ، مصالحہ جات سمیت کھانے پینے کی دیگر اشیا میں ملاوٹ کی بھرمار ہے، شہر میں کوئی بھی چیز خالص ملنا مشکل ہوچکا ہے۔ اشیا خورونوش کی چیکنگ پر مامور عملہ فوڈ انسپکٹر اور محکمہ فوڈ اتھارٹی کا عملہ بھی محض کارروائیوں تک محدود ہے مگر ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان سے رشوت لے کر معاملہ گول کردیا ہے، جن ہوٹلوں کو غیر معیاری کھانے فراہم کرنے پر سیل کیا جاتا ہے۔ انہیں رشوت لے کر چند دنوں بعد چھوڑ دیا جاتا ہے۔ دودھ فروش بھی گرمی کے موسم میں دودھ خراب ہونے کا بہانہ بنا کر زیادہ برف ڈال دیتے ہیں جبکہ کیمیکل سے تیار ہونیوالا مصنوعی دودھ کی بھی بھر مار ہے۔ شہریوں کو گوشت بھی پانی ملا مل رہا ہے، جبکہ منرل واٹر اور فلٹر پانی مہیا کرنے کے نام پر غیر معیاری پانی کی فراہمی جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ملاوٹ مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔