سابقہ حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا

114

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور اور دیگر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے کرپشن پر معافی نہ دینے اور غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ برباد کرنے والوں کیخلاف سخت اقدام کا عندیہ قابل تحسین ہے۔ اداروں میں کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈلز آئے روز سامنے آرہے ہیں۔ اسپتالوں میں بھی طبی آلات کی خرید و فروخت، ادویات کی مد میں کمیشن مافیا کا کھلا کردار، واپڈا، پی آئی اے، ریلوے، اسٹیل مل، ایف بی آر اور پولیس جیسے اداروں کو کرپٹ افراد کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب تک کرپٹ افراد کا قلع قمع نہیں کردیا جاتا ملکی معیشت کو سنبھالنا ممکن نہیں۔ اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے ایک سال میں 2.32 ارب ڈالر منافع کی مد میں اپنے ممالک کو منتقل کیا ہے۔ منافع منتقل کرنے کی شرح 2016-17ء کے مقابلے میں 10 فیصد تک رہی ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملکی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھارہی ہیں۔ ہمیں ایسی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملکی وسائل سے ملکی کمپنیاں بھی بھرپور انداز میں فائدہ اٹھاسکیں۔ عوام کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔ اگر تحریک انصاف کی بننے والی حکومت نے بھی سابق حکمرانوں کی طرح بیڈ گورننس کی تو اس کا حشر بھی اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) جیسا ہوگا۔ سابقہ حکمران جماعتوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ محض چہروں کے بدلنے کو مثبت تبدیلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔