دھاندلیوں کی وجہ سے انتخابات عوام کی نظروں میں مشکوک بن گئے

143

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور ایم ایم اے کے کارکنان انتخابی نتائج کے بعد بھی پرعزم ہیں۔ دین کی سربلندی، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت سے غافل نہیں رہیں گے، ہر اچھے کام کی حمایت اور عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ فیصل آباد کے ووٹرز اور سپورٹرز کے مشکور ہیں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں ووٹ دیا اور ہماری جدوجہد کا حصہ بنے۔ الیکشن کمیشن کے ناقص انتظامات اور رپوٹ ہونے والی دھاندلیوں کی وجہ سے قومی الیکشن عوام کی نظروں میں مشکوک بن گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا فی الفور نوٹس لینا ہوگا۔ اداروں کی طرف سے سب اچھا کی گردان ملک و قوم کو مزید بحرانوں کا شکار کرے گی۔ قوم کو امانت اور دیانتدار قیادت کی طرف ہی لوٹنا ہوگا کیونکہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت اور اقامت دین کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ جدوجہد اور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ایک طویل تاریخ رقم کی ہے۔ ہم اپنے اس فریضہ کی ادائیگی کے لیے پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں ہیں اور ہماری کوششوں میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔