بھارتی میڈیا پاکستان میں اقتدار کی منتقلی پر سیخ پا ہے، میاں مقصود

127

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ ملکی مفاد کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور جنوبی ایشیا میں خوشحالی آئے گی۔ نئی بننے والی حکومت ملکی ترقی وخوشحالی اور مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائے۔ سی پیک کی کامیابی کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنا اور دوست ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ ملکی حالات گمبھیر ہوتے جارہے ہیں۔ دشمن قوتیں اندرونی چپقلش سے فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کرنا چاہتی ہیں۔ بھارت کا میڈیا پاکستان میں اقتدار کی منتقلی پر سیخ پا ہے۔ نئی بننے والی حکومت کو دوستوں اور دشمنوں کے درمیان فرق کرکے ایسی خارجہ پالیسی مرتب کرنی چاہیے جو حقیقی معنوں میں پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے جذبات کی عکاسی کرتی ہو۔ اب وقت آگیا ہے کہ غلامانہ پالیسی کو تبدیل کیا جائے۔ ماضی کے حکمرانوں نے چند ڈالروں کے لیے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کو داؤ پر لگا دیا۔ بھارت کو سی پیک کا منصوبہ ایک آنکھ نہیں بھاتا، وہ مسلسل اس کیخلاف پراپیگنڈے کررہا ہے۔ دشمن قوتیں سی پیک کیخلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں، ہمیں ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے سی پیک کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔ میاں مقصود احمد نے مصر میں اخوان المسلمون کے ارکان سمیت 75 افراد کو سزائے موت دینے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصر میں اخوان المسلمون کے رہنماؤں اور کارکنان کو موت کی سزا سنانے پر عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ اس سے عالمی طاقتوں کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ دنیا میں ہونے والے حالات کی خرابی کی ذمے دار عالمی قوتیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مصری حکومت کو اس طرح کے سنگدلانہ اقدام سے روکے۔ نگراں حکومت بھی مصر میں ہونے والے مظالم کیخلاف بھرپور انداز میں آواز اٹھائے۔