تمام مثبت اقدامات میں نئی حکومت کا ساتھ دیں گے، سردار ظفر خان

126

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پورے ملک میں انتخابات کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔ مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کی ناکامی ثابت ہوچکی ہے، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے دعوؤں کا چہرہ داغ دار ہوگیا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا ہے، الیکشن میں بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے الزامات کی تحقیق کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے اور تمام جماعتوں کو موقع دیا جائے کہ وہ اپنے تحفظات پیش کریں اور ان تحفظات کو دور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والی جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ میں شرکت سے واپسی پر المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی مداخلت اور انتخابی عمل میں دھاندلیوں کی وجہ سے انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں، انتخابی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کو بے نقاب کرنے کے لیے تمام قانونی اور آئینی ذرائع بروئے کار لائیں گے۔ تمام مثبت اقدامات میں حکومت کا ساتھ دیں گے، مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نہیں کریں گے تاہم حکومت کے کسی بھی عوام دشمن، غیر جموری، اسلام دشمن اقدام کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے۔ مستحکم جمہوریت اور امن پورے ملک میں ترقی اور استحکام کا ذریعہ بنے گا وگرنہ حالات بد سے بدتر ہوتے جائیں گے۔ عوام کے جان، مال اور عزت کا تحفظ، مہنگائی، غربت، بے روزگاری، بجلی کے بحران کا خاتمہ اور امریکی بھارتی اور مغربی ذہنی غلاموں سے قوم کی جان چھڑانا نئی حکومتوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔