پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا

109

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خان،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اورنائب امیر ڈاکٹرمحمدانور ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کاایک نیا طوفان آئے گا۔نگراں حکومت عوام کوکسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔نگراں حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ رہنماؤں نے کہاکہ نئی آنے والی حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کم کرے۔ نگراں حکومت کے اس اقدام سے ملک میں مہنگائی،بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ عوام دشمنی ہے۔ نگراں حکومت نے ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ نگراں حکومت غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا عوام کونہ دی جائے۔ جان لیوا مہنگائی کے باوجود پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ غربت سے تنگ آکر اپنے بچے فروخت کرنے یا خودکشی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان سے مزدور، کسان،تاجراور غریب عوام براہ راست متاثر ہورہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ حکومت مہنگائی اور غربت کے خاتمے کیلیے پیٹرول کی قیمتوں میں اب تک کیا جانے والا اضافہ واپس لے۔