امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملا قات متاثر کن رہی ، علی جہانگیر صدیقی

165
سابق چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ ایس ایم منیرواشنگٹن میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیرصدیقی سے ملاقات کررہے ہیں
سابق چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ ایس ایم منیرواشنگٹن میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیرصدیقی سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں وسعت اور مزید بہتری کے لیے ان کی کوششیں جاری ہیں،امریکی حکام کا پاکستان میں بننے والی نئی متوقع حکومت سے بھی مل کر کام کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے،رواں ماہ میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات بھی متاثر کن رہی تھی اور میں نے امریکی حکام کے رویے میں پاکستان کے بارے کسی قسم کی مخالفانہ جذبات نہیں دیکھے،پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات جلد بڑھیں گے اور عنقریب امریکا کی کئی کمپنیاں پاکستان میں نظر آئیں گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے سابق چیف ایگزیکٹوآفیسر اور ایف پی سی سی آئی میںیونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرسے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی تھی۔اس موقع پر یو بی جی کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین نوید بخاری اور نوراحمدخان بھی موجود تھے۔پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان سے امریکا برآمد کیے جانے والے مال پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ امریکی حکام سے بات چیت جاری ہے،امریکا پاکستانی مصنوعات کا ایک بہت بڑا امپورٹر ہے اس لیے ہم پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کے لیے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات میں بھی میں اس خواہش کااظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے اور امریکی صدر ٹرمپ نے مجھے یقین دلایا کہ پاکستان کے ساتھ ہرسطح پر تعلقات میں بہتری لائی جائے گی اس لیے مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں امریکا کے ساتھ سفارتی،تجارتی تعلقات بہتر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔علی جہانگیرصدیقی نے ایس ایم منیر سے کہا کہ پاکستان سے ایف پی سی سی آئی کا ایک وفد امریکا کے دورے پر آئے جس میں امپورٹرز،ایکسپورٹرز شامل ہوں جبکہ میری بھی ہرممکن کوشش ہے کہ امریکا کے سرمایہ کاروں اور نامور تاجروں کا وفد پاکستان کا دورہ کرے،اس طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا اور مارکیٹوں کے جائزے کے مواقع ملیں گے۔ علی جہانگیر صدیقی نے وفد کو بتایا کہ ان کی پینٹاگون کے دورے کے دوران وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک امریکا تعلقات میں بڑی بہتری کی گنجائش ہے اور اسی تناظر میں یہ ملاقات رہی جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ یہ امر میرے لیے قابل اعزاز ہے کہ پاکستان کے ایک بڑے بزنس مین اور میرے لیے قابل احترام ایس ایم منیرخصوصی طور پر مجھ سے ملنے امریکا آئے ایف پی سی سی آئی میںیونائٹیڈ بزنس گروپ (یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،نوید بخاری اور نوراحمدخان نے علی جہانگیرصدیقی کو امریکا میں بطور سفیر خدمات پر مبارکباد پیش کی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ امریکا میں پاکستان کی جانب سے ایک بہترین سفیرمقرر کیا گیا ہے جودوطرفہ تعلقات میں اضافے کے لیے مثبت کوششوں میں مصروف ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کے لیے امریکا میں کامیاب ترین سفیر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے اس لیے امریکی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اورپاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے جدید خطوط پر کام کیا جائے۔