پاکستان کو بیل آؤٹ پیکج نہ دیا جائے ،امریکا

347

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکا نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کو بیل آؤٹ پیکیج دینے سے باز رہے۔سی این بی سی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا کہ آئی ایم ایف کو چینی قرض ادا کرنے کے لیے پاکستان کی نئی حکومت کو فنڈ نہیں دینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ بات چیت کرنے کا خواہشمند ہے لیکن چینی قرض ادا کرنے کے لیے پاکستان کو بیل آؤٹ دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پومپیو نے کہاکہ آئی ایم ایف ایسی غلطی نہ کرے، ہم لوگ آئی ایم ایف پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ وہ کیا کرتا ہے۔علاوہ ازیں امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں نے ترقی پذیر ممالک کو انفرااسٹرکچر کے لیے دیے جانے والے قرضوں کو تنقید کانشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے وہ ناقابل عمل قرض کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔ دوسری جانب ترجمان آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کی جانب سے قرض کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی،کسی بھی متوقع پیکیج پر پاکستانی حکام سے بات چیت نہیں کر رہے۔ادھر چین نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی ایم ایف سے متعلق معاملات پر پاکستان مناسب طریقے سے نمٹ لے گا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ آئی ایم ایف کے اپنے قواعد و ضوابط ہیں اسے ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں، چین جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاری کے لیے امریکا سمیت تمام ممالک کو شراکت داری کی دعوت دیتا ہے، چین تمام ممالک کے ساتھ ترقی و خوشحالی کا سفر مل کر طے کرنے کا خواہشمند ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہمیں تنازعات میں الجھنے کے بجائے مل کر علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہیے۔