پی ٹی آئی اور بی اے پی نے جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کردیا

80

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی نے پیٹرولیم کے سابق وزیر مملکت جام کمال کو بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا ہے جبکہ وفاق میں بی اے پی کے 4ارکان قومی اسمبلی تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔ اس بات کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد کی ملاقات میں کیا گیا۔ منگل کو بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بی اے پی کے صدرجام کمال نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کیا تھا، تمام نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے‘ملکی ترقی کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ چلیں گے، وفاق کے
ساتھ ایک ٹیم کی صورت میں کام کریں گے، تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط طور پر تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بی اے پی اور پی ٹی آئی کا ویژن ایک ہے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزراء اعلیٰ کے لیے عمران خان جو فیصلہ کریں گے ہم سب مل کر اس پر اتفاق کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ قوتیں بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار دیکھنا چاہتی ہیں، بلوچستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ گزشتہ روز میرے حوالے سے میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، میری کسی کے ساتھ کوئی گروپ بندی ہے اور نہ ہی کوئی وزیراعلیٰ بننے کے لیے لابنگ چل رہی ہے، ہم سب کپتان کے پیچھے ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمارے لیے قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکا سے بھی کسی فردکو لا کر وزیراعلیٰ کے پی کے بنا دیں تو بھی ہم قبول کریں گے۔