نیپراکا بجلی کے نرخوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن قابل مذمت ہے

68

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر عبدالستاربیگا، رانا نعیم اکرم اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نیپراکی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن قابل مذمت ہے اسے فی الفور واپس لیا جائے ۔ عوام پہلے ہی بجلی کے بلوں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ٹیکسوں کے ستائے ہوئے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں51پیسے فی یونٹ بڑھانے سے صارفین پر6ارب 50کروڑ روپے کا بوجھ بڑھے گا۔ پوری قوم اس ظالمانہ اقدام کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔چیف جسٹس بجلی کے بلوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے ۔انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت پہلے ہی بجلی، پیٹرولیم اور گیس کے نرخوں میں متعددبار اضافہ کرچکی ہے،جاتے جاتے قیمتوں میں مزید اضافہ کرنا بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے۔قوم کو نئی بننے والی حکومت سے بہت ساری توقعات ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کی ناکام حکومتوں اور ان کے انجام سے سبق سیکھتے ہوئے نئی بننے والی حکومت ملک وقوم کی فلاح وبہبود اورعوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اپنا وژن قوم کے سامنے رکھے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے۔اللہ تعالیٰ نے بہترین جغرافیائی حدود کے ساتھ ساتھ معدنیات کی دولت سے نوازاہے۔کمی صرف اور صرف محب وطن قیادت کی ہے۔نااہل حکمرانوں نے ملک وقوم کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔زبیرلطیف نے مزیدکہاکہ عوام کا معیار زندگی دن بدن ابترہوتاجارہا ہے۔اس وقت کل آبادی کا 40فیصد حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔جب تک غریب عوام کے مسائل میں کمی نہیں ہوگی تب تک خوشحالی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔