انتخابی دھاندلی کیخلاف اپوزیشن کا اتحاد خوش آئندہ ہے، شمس الرحمٰن

93

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و امیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے استعمال کو مبینہ طور پر روکے جانے سمیت ملک بھر سے انتخابی عمل کے حوالے سے بڑی تعداد میں شکایات نے الیکشن 2018ء پربے پناہ سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کی جانب سے جانبداری سے انتخابی عمل مشکوک ہوا، عوامی مینڈیٹ کی چوری سے جہاں اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کو پریشانی کا سامنا ہے، وہیں کنگ پارٹی کے امیدوار بھی اپنے ہیوی مینڈیٹ پر پریشان ہیں کیونکہ وہ اپنی کارکردگی اور عوام میں مقبولیت سے بخوبی آگاہ تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ میں قائمقام امیر جماعت اسلامی زون پی پی 13 ملک محمد الیاس کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، نائب امیر ضلع امتیاز علی اسلم، زونل صدر جے آئی یوتھ سردار رفیع الدین سمیت دیگر ذمے داران وکارکنان بھی شریک تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کیخلاف اپوزیشن کا اتحاد خوش آئند ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاور ت سے غیر جانبدار بااختیار جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے جو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے تمام معاملات کا جائزہ لے کر نہ صرف عوامی مینڈیٹ کو واپس کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے بلکہ اس بدترین اور گھناؤنی سازش میں ملوث عناصر کو بھی عبرت کا نشان بنائے تاکہ آئندہ کے لیے کسی لٹیرے کو عوامی مینڈیٹ چرانے کی جرأت نہ ہو۔ امیر ضلع نے کہا کہ قائم مقام امرا کی تقرری حکومتی سطح پر حلقوں کی تبدیلی کے تناظر میں کی جارہی ہے۔