منصورہ اسپتال کے ایڈمن آفیسر طارق شفیق کے اعزاز میں الوداعی تقریب 

76

لاہور (وقائع نگار خصوصی) منصورہ ٹیچنگ اسپتال میں ایڈمن آفیسر طارق شفیق کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، نائب امیر و صدر گورننگ باڈی منصورہ اسپتال ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ایم ایس منصورہ اسپتال صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی، ڈاکٹر زکریا سعادت، محمد انور گوندل، محمد رشید سمیت اسٹاف کے دیگر افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ طارق شفیق نے منصورہ اسپتال میں احسن طریقے سے ذمے داریاں نبھائی ہیں، ان کی شب و روز محنت سے منصورہ اسپتال نے دن دگنی رات چوگنی ترقی اور عوام الناس کی جو بے پناہ خدمت کی ہے اس پر ادارے کو فخر ہے۔ صدر گورننگ باڈی منصورہ اسپتال ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ طارق شفیق نے ادارہ میں جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں، ان کی شب و روز محنت سے علاقے میں منصورہ اسپتال کی افادیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس پر ادارہ ان کا شکر گزار ہے۔ ایم ایس منصورہ اسپتال ڈاکٹر صاحبزادہ انوار احمد بگوی نے کہا کہ طارق شفیق انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک تھے، ادارہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق شفیق نے کہا کہ منصورہ اسپتال سے اچھی یادیں لے کر جارہا ہوں، مجھے تمام اسٹاف کا بہت ہی تعاون حاصل رہا ہے۔