پچیس جولائی کو الیکشن کمیشن کے اختیارات کسی اور کو منتقل ہو چکے تھے

101

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب مولانا محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے حالیہ انتخابات میں حصہ لینے والے اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا ایک ملک گیر کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔25 جولائی کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کے بارے میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا جائے گا۔اس سلسلے میں ملک بھر سے الیکشن سے پہلے ٗ الیکشن والے دن اور ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ہونے والی دھاندلیوں ٗ قانون کی خلاف ورزیوں اور الیکشن رولز کو پاؤں تلے روندنے کے واقعات اور شواہد کو اکٹھا کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ راولپنڈی میں انتخابی جائزے اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کے امرا اورانتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ایک خصوصی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس اجلاس میں25 جولائی کے الیکشن اور اس حوالے سے ہونے والی بے ضابطگیوں اور دیگر امور پر ضلعی امرا اور اُمیدواروں نے تفصیلی جائزہ پیش کیا۔اپنے تحفظات اور اعتراضات کااظہار کیا اور مستقبل کے ضمن میں تجاویز اور مشوروں سے بھی نوازا۔مولانا محمد جاوید قصوری نے کہا کہ انجینئرڈ الیکشن تھا۔جس جس کو جتوانا یا ہرانا تھا ٗپہلے سے طے کیا جا چکا تھا۔ 25 جولائی کو الیکشن کمیشن کے اختیارات کسی اور کو منتقل ہو چکے تھے۔اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں جانے کا فیصلہ جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس عاملہ نے کیا ہے۔ہم ایم ایم اے کا حصہ ہیں ۔ خامیوں اور کمزوریوں کو دُور کرکے اس اتحاد کو آگے لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی وائٹ پیپر تیار کر رہی ہے۔ جس میں دھاندلیوں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کو ثبوتوں کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔الیکشن والے دن دھاندلی کی اصل کارروائی 6 بجے کے بعد شروع کی گئی تھی۔اہم حلقوں میں گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکا ل دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میں کوئی ایک فرد نہیں بلکہ ادارے فیصلے کرتے ہیں ۔ ناکامی اور کامیابی بھی اجتماعی ہوتی ہے۔ایم ایم اے آئیڈیل نہیں ہے ٗ آئیڈیل یہ ہے کہ جماعت اسلامی اپنے پاؤں پر کھڑی ہو۔ مولانا محمد جاوید قصوری نے کہا کہ 25 جولائی کے الیکشن کے جائزے او رمستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مشاورت کے لیے ملک بھر سے تمام امیدواروں کو جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں اکٹھا کیا جائے گا۔