دنیا میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، میاں زبیر

80

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر رانا نعیم اکرم، میاں عبدالستار بیگا اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں اسکولوں کو جلانے کا عمل تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔ سازش کے تحت درس گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ عالمی دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوسکے۔ اسکولوں کو جلانے کے واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ میاں زبیر لطیف نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت نے ملک وقوم کو شدید متاثر کیا ہے۔ نئی آنے والی حکومت کو اپنی خارجہ پالیسی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا اور جن پالیسیوں کا تسلسل جنرل (ر) پرویز مشرف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جاری رکھا، ان کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ نام نہاد امریکی جنگ میں پاکستان کے 70 ہزار افراد شہید اور سوا سو ارب ڈالے کا معاشی دھچکہ برداشت کرنا پڑا ہے۔ ہم سب کو مل کر دنیا میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔