اپوزیشن کی آواز کو طاقت سے نہیں دبایا جاسکتا، عبدالغفور حیدری

68

خضدار (آئی این پی) جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اٹھنے والی آواز و تحریک کو اب بزور بازو نہیں دبایا نہیں جا سکتا، ہمیں ملک کی سلامتی ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے، ہم اب کشتیاں جلا کر میدان میں اتر آئے ہیں اور یہ یاد رہے کہ میدان میں اترنے والے شاہ سواروں کو آگے پیچھے کا خیال نہیں رہتا۔ 25 جولائی کے انتخابات ہرگز صاف شفاف نہیں تھے، دھاندلی کے بدنام کھلے عام طریقے استعمال کیے گئے، جب عوام کی رائے کو دباکر اپنی مرضی کے امیدوار کامیاب کرائے جائیں گے تو احتجاج کا راستہ اپنانا بھی ہمارا حق ہے، مولانا فضل الرحمن کا پروگرام نشر ہونے سے روکنے کے بعد حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کھل کر سامنے آگئی ہے، آج کے جدید دور میں کسی کی آواز کو روکنا حکومتی اداروں کے بس میں ہرگز نہیں ہے، طاقت ور سوشل میڈیا کو نہیں روکا جاسکتا۔ عبدالغفور حیدری نے مقامی صحافیوں سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے قائد جمعیت کے انٹریو کو روکنے والے حکمرانوں کا اگر یہ خیال ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہماری آواز بند کردیں گے یہ ان کی خام خیالی کی دلیل ہوگی۔