افغان شہری احمد علی کوہزاد قتل کے مقدمے میں نامزد نکلے

123

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہونیوالے مبینہ افغان شہری احمد علی کوہزاد قتل کے مقدمے میں نامزد نکلے۔پولیس نے ان کی گرفتاری کیلیے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے۔ احمد علی کوہزاد جنوری میں ہونیوالے ایک قتل کے مقدمے میں سی آئی اے پولیس کو مطلوب ہیں۔ پولیس کے مطابق 23 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں خالی پلاٹ سے لاپتا جیولر محمد حفیظ کی لاش ملی تھی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ جس پلاٹ سے جیولر کی لاش ملی تھی وہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما احمد علی کوہزاد اور 3 دیگر افراد کی ملکیت ہے۔ مقتول محمد حفیظ کے بیٹے کی تحریری درخواست پر پولیس نے احمد علی کوہزاد سمیت 5 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا۔ سی آئی اے پولیس نے مقدمے میں نامزد پلاٹ کے 3 مالکان کو گرفتار کرلیا اورکوئٹہ کی مقامی عدالت سے احمد علی کوہزاد سمیت 2ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے۔احمد علی کوہزاد نے ٹیلیفون پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 3دوستوں کے ساتھ ملکر یہ پلاٹ خریدنا چاہا مگر بعد میں پیسے نہ دے سکا اور باقی دوستوں نے ملکر یہ پلاٹ خرید لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔تینوں دوست ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔ وہ بھی جلد پولیس کے سامنے پیش ہوکر اپنا مؤقف دے دیں گے۔ مقتول جیولر محمد حفیظ کے بھائی محمد رحیم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے بھتیجے اور مقتول کے بیٹے نے غلط فہمی کی بنیاد پر احمد علی کوہزاد کو مقدمے میں نامزد کیا، بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نے پلاٹ کے مالکان کو صرف شک کی بنیاد پر نامزد کیا ہے۔