میگا اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں مگر گرفتاریاں عمل میں نہیں آرہیں

84

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں اور دیگر نے کہا ہے کہ ملک میں بدعنوانی ناسور بن چکی ہے۔ میگا اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں مگر گرفتاریاں عمل میں نہیں آرہیں۔ کرپشن کے بڑے مقدمات کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق جلد ازجلد منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ چیئرمین نیب کی طرف سے کرپشن کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا عزم حوصلہ افزا ہے۔ قوم منتظر ہے کہ پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر 436 پاکستانیوں، کرپٹ عناصر اور کمیشن مافیا کیخلاف کارروائی کب ہوگی؟ رہنماؤں نے کہا کہ ملک وقوم کی ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ نااہل افراد کی تعیناتیاں، کرپشن، اقربا پروری اور موروثیت ہے، ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ محض کردار بدلنے سے مثبت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ عوام حقیقی معنوں میں فرسودہ نظام سے نجات چاہتے ہیں۔ محض دکھاوے کے اقدامات اور ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے اب عوام کو بہلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا نظام بلاتفریق چلنا چاہیے اور اس سے سیاسی انتقام کی بو نہیں آنی چاہیے۔ ملک کو کرپٹ افراد نے جتنا نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی نے نہیں پہنچایا۔ وقت آگیا ہے کہ ان کرپٹ عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے کیوں نہ ہو، انہیں فی الفور گرفتار کیا جائے۔