اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا دھاندلی کو بے نقاب کرنا ہے

71

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر چودھری سلیم گجر، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، میاں افتخار علی، منظور الہٰی، ڈاکٹر محمد صدیق اور دیگر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ون پوائنٹ ایجنڈا دھاندلی کو بے نقاب کرنا ہے، ہر پارٹی اپنا الگ الگ نظریہ اور منشور رکھنے کے باوجود عام انتخابات میں ردو بدل کیخلاف اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے متحد ہیں، آئین پاکستان، جمہوریت اورشفاف وغیر جانبدارنہ انتخابات کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ہم جمہوری سسٹم کو ڈی ریل یا انتشار کے بجائے پرامن، آئینی وجمہوری جدوجہد کے ذریعے مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان میں دینی جماعتیں ایک بڑی قوت کی حیثیت رکھتی ہیں، جنہوں نے ہمیشہ اصلاح معاشرہ کے ساتھ ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ تمام تر سازشوں کے باجود دینی جماعتوں نے حالیہ انتخابات میں 55 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کو بااختیار بنایا مگر وہ اپنے اختیارات کی حفاظت کرنے میں ناکام ثابت ہوا، جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ، کرپشن فری پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور کرپٹ قیادت نے گزشتہ ستر سال سے قومی دولت کی لوٹ مار، بھوک وافلاس کے علاوہ قوم کو کچھ بھی نہیں دیا ہے۔ جماعت اسلامی سمیت کسی بھی دینی جماعت کے فرد کا پاناما لیکس میں نام نہیں ہے، اس لیے ملک کو موجودہ بحران سمیت تمام مسائل سے نجات صرف اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی دلاسکتی ہے۔