پاکستان کے سابق اوپننگ بیٹسمین عمران نذیر ایک بار پھر کرکٹ کے میدانوں کا رخ کرلیا ہے،ساڑھے چار برس جوڑوں کی بیماری سے لڑنے کے بعد لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی بیٹنگ میں جارحانہ انداز سے شہرت پانے والے عمران نذیر نے لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اپنے کلب پی اینڈ ٹی جمخانہ میں ٹریننگ شروع کردی ہے۔ عمران نذیر ساڑھے چار برس قبل جوڑوں کی بیماری میں مبتلا ہو کر کھیل سے دور ہو گئے تھے، انہوں نے 8 ٹیسٹ، 79 ایک روزہ اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں اب مکمل فٹ ہوں کہاں تک کھیل سکا کھیلوں گا،شاہد آفریدی نے بیماری کے دنوں میں بہت مدد کی جس پر ان کا شکرگزار ہوں۔
عمران نذیر نے خواہش ظاہر کی کہ کرکٹ اب بہت زیادہ ہوگئی ہے امید ہے کہ جلد موقع ملے گا،اگر پی ایس ایل میں کسی بھی طرح کی پیشکش ہوئی تو ضرور فائدہ اٹھاؤں گا۔