دشمن قوتیں دہشتگردی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں، میاں مقصود

81

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ گلگت اور بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایک سازش کے تحت سی پیک منصوبے کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سیندک پروجیکٹ کی بس پر خود کش حملہ کرکے چینی انجینئروں کو نشانہ بناناتشویش ناک ہے۔ملک دشمن بیرونی قوتیں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں،ان کا راستہ روکنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے اندر ہونے والی دہشت گردی کومکمل سپورٹ کررہا ہے۔وہ کسی بھی صورت میں نہیں چاہتاکہ سی پیک جیسامنصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے۔ بھارتی حکمران متعدد بار سی پیک کوناکام بنانے کے خلاف دھمکیاں دے چکے ہیں۔کل بھوشن کی گرفتاری اور بعدکے انکشافات نے ثابت کردیا ہے کہ ہندوستان پاکستان کے امن وسکون کوخراب کرنے کے لیے دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ جہاں پاکستان کے اندر ترقی وخوشحالی کو پروان چڑھائے گا وہاں جنوبی ایشیا میں بھی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ خطے میں غربت کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کو ذمے دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان کے ساتھ بھارت نے مسلسل جارحانہ اندازاپنایا ہواہے۔وہ اسرائیل کی موساد اور امریکا کی سی آئی اے کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے پاکستان کے اندر دہشت گردی کروا رہا ہے۔ اس گٹھ جوڑ سے نمٹنے کے لیے ہمیں اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ سیاسی وعسکری قیادت مل کر ایسی پالیسیاں مرتب کرے جوحقیقی معنوں میں ملک وقوم کے مفاد میں ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کولے کر بھارتی میڈیامیں شور شرابے کا مقصد صرف اور صرف اپنے گناہوں پرپردہ ڈالنا ہے۔ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہاکردی ہے۔ کشمیری بھارتی فوج کے مظالم سے تنگ آچکے ہیں اور وہ بھارت کے غاصبانہ قبضے سے ہرصورت آزادی چاہتے ہیں۔