بھارت کے یومِ آزادی کو کشمیری عوام کے لیے یوم عذاب بنا دیا گیا

113

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر رانا نعیم اکرم، میاں عبدالستار بیگا اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے یومِ آزادی کو بھارتی افواج نے کشمیری عوام کے لیے یوم عذاب بنا دیا۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رہنماؤں نے بھارتی یوم آزادی سے قبل کشمیری عوام کو فوجی حصار میں یرغمال بنانے، حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپے مارنے اور حریت پسند سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کو نظر بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے یومِ آزادی پر کشمیریوں کی زندگی کو اجیرن بنانا عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ کے لیے لمحہ فکر ہونا چاہیے۔ اگر بھارتی قوم شعوری طور پر اپنا یومِ آزادی منارہی ہے تو وہ کس طرح کسی دوسری قوم کے حقِ آزادی پر شب خون مار سکتی ہے۔ میاں زبیر لطیف نے کہا کہ بدقسمتی سے عالمی سطح پر جمہوریت اور انسانی حقوق کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کشمیر اور فلسطین میں آکر کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں و کشمیر میں حقِ خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کا از خود مشاہدہ کرنے کے لیے ایک نمائندہ وفد کشمیر بھیجے اور یہ دیکھ لے کہ بھارت کے یومِ آزادی پر کشمیریوں کے ساتھ کس قسم کا امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔