مراد علی شاہ مسلسل دوسری بار سندھ کے وزیراعلیٰ منتخب ،عوامی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کا اعلان 

179
کراچی :وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد مراد علی شاہ خطاب کر رہے ہیں
کراچی :وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد مراد علی شاہ خطاب کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنماسید مراد علی شاہ مسلسل دوسری باروزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے۔انہوں نے97ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار شہریار مہر نے 61ووٹ حاصل کیے۔ 158ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیاجبکہ تحریک لبیک کے 3ارکان اورمتحدہ مجلس عمل کے رکن اسمبلی سید عبدالرشیدنے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔متحدہ اپوزیشن کی 2 خواتین ارکان شاہینہ اشعر اورڈاکٹر سیما ضیا نے تاحال رکنیت کا حلف نہیں اٹھاجبکہ پی ٹی آئی کے 2 ارکان عمران اسماعیل اور راجا اظہر بھی اسمبلی نہیں پہنچے۔سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب میں اپنی کامیابی کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ 10سالہ دور میں سندھ کے عوام کی پرخلوص طریقے سے خدمت کی ہے، اسی سبب صوبے کے عوام نے اسے تیسری بارپھر اپنے منڈیٹ سے نوازا، پیپلز پارٹی کا یہ عزم ہے کہ وہ آئندہ بھی ان کی بھرپور طریقے سے خدمت کرے گی، عوامی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں گے، 2018ء بلاول کاسال ہے، پی پی کے دور حکومت میں سندھ نے جو ترقی کی ہے وہ نظر آرہی ہے، قیادت کا شکرگزار ہوں کہ اس نے ایک بارپھر مجھے وزارت اعلی ٰکی ذمے داری سونپی۔ انہو ں نے کہا کہ 2013ء میں پیپلز پارٹی نے 32لاکھ ووٹ لیے تھے اور اب 39لاکھ ووٹ لیے ہیں۔اس ایوان میں ہماری 2 تہائی اکثریت ہونی تھی جو چھینی گئی ، جو جیتے ہیں انہیں بھی پتا ہے کیسے جیتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے فرودس شمیم نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تھر تو جاتے ہوں گے ،راستے میں ترقی بھی دیکھی ہوگی۔میں نے 2سال کا کہا تھا، کیا دوسال میں فرق نظر نہیں آیا؟