زرداری سے گلہ نہیں ‘ مجبوریوں کا احساس ہے‘ سعدرفیق

156

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں آصف علی زرداری کی مجبوریوں کا احساس ہے اس لیے گلہ نہیں کریں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑیں گے، عمران خان بہروپیے کے روپ میں وزیراعظم ہاؤس تو چلے گئے لیکن یہ روپ زیادہ نہیں چلنے والا ،نا اہل شخص جہاز میں اراکین اسمبلی کو لا رہا ہے، ہمارے لوگوں کوفون کر کے انہیں توڑنے کی کوشش کی گئی ، کراچی میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے نے شہری پر تشدد کیا مگر قانون حرکت میں نہیں آیا، پہلے پٹائی کرو پھر دباو ڈال کر صلح کرلو ۔سعد رفیق کا کہنا تھاکہ ملک میں نام نہاد حکومت بنائی جارہی ہے جس طرح عمران خان کے لیے دھاندلی کی گئی سب جانتے ہیں،ہم حکومت گرانے کی کوشش نہیں کریں گے تاہم ہم دیکھیں گے کب کب گورنر ہاؤس کی دیواریں گریں گی۔