توہین رسالت سے بڑھ کر کوئی دہشت گردی نہیں، چودھری سلیم گجر

147

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر چودھری سلیم گجر، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، میاں افتخار علی، منظور الٰہی، ڈاکٹر محمد صدیق اوردیگر نے کہا ہے کہ پوری قوم تحفظ ختم نبوت کے قانون کا دفاع اپنی جانوں پر کھیل کر کرے گی۔ ناموس رسالت قوانین پر معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے پوری ایمانی قوت اور حمیت سے ڈٹے رہنے کی ضرورت ہے۔ ریاست اس قانون کی اونر شپ قبول کرے اور جس طرح دہشت گردی کے قوانین پر سختی سے عملدر آمد کیا جاتا ہے، اس سے بڑھ کر 295 سی پر عملدر آمد کیا جائے کیونکہ توہین رسالت سے بڑھ کر کوئی دہشت گردی نہیں ہے ۔ چودھری سلیم گجر نے کہا کہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے قوانین کی حفاظت ہم اپنی جان سے بڑھ کر کریں گے۔ مغرب زدہ این جی اوز اسلام دشمن ایجنڈے پر کار بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور مغربی میڈیا ہمارے آئین و دستور سے اسلامی دفعات کو ختم کر نے کے لیے زہریلا پراپیگنڈا کرتا ہے اور مغربی ڈالرز پر پلنے والی این جی اوز اس ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بے بنیاد ایشو اٹھا کر عوام کو گمراہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئین اور اس کی اسلامی دفعات کی حفاظت پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔