ضلعی اجتماع ارکان 2 ستمبر ہوگا، مرکزی قائدین شرکت کریں گے،عارف شیرازی

120

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ضلعی اجتماع ارکان 2 ستمبر بروز اتوار ہوگا ۔ جس میں مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں زونل اُمرا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں تنظیمی ٗدعوتی اور سیاسی امور کے علاوہ عید قربان پر اجتماعی قربانی اور کھالوں کی وصولی سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے ۔زونل اُمرا نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی شیخ مسعود احمد نے عیدالاضحی پر قربانی کی کھالوں کی وصولی اور اس سلسلے میں تیاریوں اور انتظامات کی تفصیل سے شرکا اجلاس کو آگاہ کیا۔سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات کے جائزے اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے مرکزی مجلس شوریٰ نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے۔ جماعت اسلامی کے ارکان اور کارکنان اس سلسلے میں اپنی آرا اور تجاویز کمیٹی کو بھجوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس جماعت اسلامی 26 اگست اورجماعت اسلامی راولپنڈی کے رہنما مولانا محمد سرور مرحوم کی حیات و خدمات پر مبنی کتاب مرجع خلائق کی تقریب رونمائی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس اجلاس میں سابق امیر جماعت اسلامی راولپنڈی شہر محمد طاہر خان کی وفات پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس موقع پر ان کی مغفرت اور بلندی درجات کیلیے خصوصی دُعا بھی کی گئی ۔