عمران خان درپیش مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کریں گے، میاں مقصود

117

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو پاکستان کا بائیسواں وزیر اعظم منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کرتے ہیں۔دو پارٹی نظام نے پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے ۔ ملک و قوم اس وقت سنگین قسم کے مسائل کا شکار ہیں ۔ہم اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ عمران خان ملک وقوم کو درپیش مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کریں گے ۔عمران خان نے دوبڑی برسراقتدار پارٹیوں کو کرپٹ قرار دیا تھااورعوام سے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ برسراقتدار آکرملک میں تبدیلی لائیں گے اور کرپشن سے پاک نیاپاکستان بنائیں گے۔اب ان کا یہ کڑاامتحان ہوگاکہ وہ اپنے وعدوں کے مطابق عمل کرپاتے ہیں یانہیں؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں ایسا نظام چا ہتے ہیں جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کابھی جو اعلان کیاتھا ،اب انہیں اپنے کہے کی لاج رکھنی چاہیے، قوم ان کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان ملک میں بہتری اور حقیق تبدیلی لاناچاہتے ہیں تو وہ اپنے اردگرد وڈیروں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی جان چھڑائیں،ان کے ساتھ جو روایتی سیاستدان لگے ہوئے ہیں اس سے تبدیلی کافلسفہ پورا ہوتا نظر نہیں آتا۔ حالیہ لاہور اور کراچی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کے عام لوگوں پر تشدد کرنے کے واقعات افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔ عمران خان کواب ان واقعات کونہ صرف کنٹرول کرنا چاہیے بلکہ ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی بھی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاناما کیس اور کرپشن کیخلاف جدوجہد کی تھی۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل کیا جانا ایک اچھا فیصلہ تھا۔ اس کامیابی پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مبارک باد کے مستحق ہیں۔