ریلوے کی بحالی نومنتخب حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، پریم یونین

79

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے اور شیخ رشید کو وزیر ریلوے مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نومنتخب حکومت اپنے انتخابی وعدوں کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافہ اور ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے گی۔ ریلوے کی بحالی نومنتخب حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ریلوے کو پاؤں پر کھڑا کر دیا گیا تو حکومت بھی معاشی طور پر مضبوط ہوگی۔ عمران خان سابق حکمرانوں کا انجام ذہن میں رکھیں، مزدور دشمن حکومتیں آج عبرت کا نشان بن چکی ہیں، پریم یونین ریلوے کی بہتری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے ہر اقدام پر بھر پور تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر پریم یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بشیر، باؤ طاہر، ظہیرالدین بابر، باسط شفیق، محمد آصف جاوید، نعیم اختر، محمد رمضان، نادر شاہ اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ خالد محمود چودھری نے توقع ظاہر کی کہ تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں ریلوے کی بحالی کے لیے خوش آئند فیصلے کر کے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا لے گی۔ ریلوے کی بحالی کے لیے سابق حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا، ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے ادارے کی تباہی کے ذمے دار سابقہ حکمران ہیں۔