ایران سے آنے والے700 زائرین تفتان سرحد پر3روزسے محصور

91

کوئٹہ(آن لائن)ایران سے آنے والے700 زائرین تفتان بارڈر پر3روزسے محصور زائرین کی بسوں کو روک دیا گیاہے، زائرین نے واقعے کے خلاف احتجاج کر تے ہوئے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے ۔زائرین نے مطالبہ کیا کہ اگر ہمیں مزید آگے جانے نہیں دیا تو ہم کوئٹہ سمیت صوبے بھر کو بلاک کریں گے۔زائرین نے کہا ہے کہ ہم تفتان سے نکل چکے ہیں اور 15 کلومیٹر دور کوئٹہ روڈ پر احتجاج کر رہے ہیں،ہمارے ساتھ بچے،خواتین اور بزرگ بھی ہے اور ہماری بسوں
کو انتظامیہ نے پاکستان ہاؤس میں بند کیا ہوا ہے۔ حکومت بلوچستان سے اپیل کر تے ہیں کہ ہماری بسوں کو ہمارے حوالے کیا جائے ، ہم عیدقرباں اپنے بچوں کے ساتھ گزارناچاہتے ہیں،اگر انتظامیہ نے جانے نہیں دیا تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمے داری حکومت وقت اور تفتان انتظامیہ پرعاید ہو گی،اس وقت ہمارے پاس خوراک کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے، 700سے زائد زائرین کھلے آسمان تلے دن رات گزارر ہے ہیں ۔