گستاخانہ خاکوں کے مقابلے تہذیبوں کی جنگ بھڑکانے کی سازش ہے

146

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور، الطاف حسین، فاروق بیگ، رانا نذیر خاں اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا اعلان تہذیبوں کی جنگ بھڑکانے کی خوفناک سازش ہے۔ مسلم حکمران بین الاقوامی سطح پر توہین انبیا کیخلاف قانون سازی کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ بڑھائیں۔ اسلام، قرآن اور نبی اکرمﷺ کی حرمت کے تحفظ کے لیے ملک گیر سطح پر مضبوط آواز بلند کریں گے۔ ہم نے ہر قسم کے مفادات چھوڑ کر تحفظ حرمت رسولﷺ کی خاطر کھڑے ہونا ہے۔ مسلم ملکوں کے حکمران یہ کام کریں اللہ ان کی تمام مشکلات حل کردے گا اور پوری مسلم امہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ عالمی سطح پر اس بات کی قانون سازی ہونی چاہیے کہ آئندہ کسی نبی کی توہین نہ ہو۔ مسلمان سب انبیا کی حرمت کا تحفظ کرنے والے ہیں۔ صلیبیوں و یہودیوں کی طرف سے گستاخیوں میں شدت اس لیے پیدا ہورہی ہے کہ اسلام کی دعوت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور مغربی پالیسی ساز ادارے اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ مستقبل میں اسلام دنیا کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام اور کفر کے درمیان جنگ جاری ہے۔ حکمران عالمی سطح پر توہین انبیا کی سزا کا قانون پاس کروائیں۔ مسلمان اس بات کا عہد کریں کہ سب نے متحد ہو کر اسلام،قرآن اور نبی کریمﷺ کی حرمت کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔