بارکھان ،گدون امازئی میں ٹریفک حادثات،6 جاں بحق

89

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان کے علاقے بارکھان میں ٹریفک حادثے میں3 افراد جاں بحق ۔اطلاعات کے مطابق بارکھان کے قریب رکنی ڈیرہ روڈ پر موٹرسائیکل اور پک اپ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے ، 2 نوجوانوں کا تعلق کوہلو سے بتایا جاتا ہے لاشوں کو کا رروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں صوابی کے پہاڑی علاقے گدون آمازئی میں پک
اپ پہاڑ سے گہرے گڑھے میں گر گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ،4 شدید زخمی ہو گئے ۔منگل کی صبح گدون آمازئی کے گاؤں چنئی سیرئی سے محمد علی استاد اور اکرام جان عید کی خریداری کے لیے ٹوپی کی طرف آرہے تھے ،جب پک اپ منگل چائی کے مقام پر پہنچی تو گہرے گڑھے میں پک اپ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گر گئی جس کے نتیجے میں محمد علی استاد اور اکرام جان جو کہ عید الاضحی منانے کے لیے پر تگال سے آئے تھے جاں بحق ہو گئے، ان کا ایک ساتھی محمد ہاشم باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا اس حادثے میں محمد علی استادکے 3 بیٹے 14سالہ محمد شہاب ،12 سالہ محمد اویس ، 7 سالہ محمد مدثر اور 5 سالہ بیٹی عارفہ شدید زخمی ہو گئے۔جنہیں مقام اہسپتال منتقل کر دیا گیا وہاں فوری طبی امداد دینے کے بعد انہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ۔