گلگت (آن لائن)گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ایک گاؤں سینگال میں قائم عارضی چیک پوسٹ کو مشتبہ دہشت گردوں نے آگ لگا دی اور سیکیورٹی پر موجود اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق تقریباً 12 دہشت گردوں نے ضلعی ہیڈکواٹر سے 50 کلومیڑ دور قائم ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور آگ لگادی۔سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے کے بعد دہشت گرد دیامر کی جانب
فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق دہشت گرد 2 اہلکاروں کا اسلحہ چھینے میں کامیاب ہو گئے۔ تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سینگال نالہ سے گزر کر ضلع غذر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔علاوہ ازیں دہشت گرد مذکورہ نالہ راہ فرار کے لیے استعمال کرتے ہیں۔غذر اور گلگت میں ایک درجن سے زائد نالے موجود ہیں جو ضلع دیامر کی جانب رخ کرتے ہیں۔اس ضمن میں واضح کیا گیا کہ دیامر کے رہائشیوں کو پولیس کے فرائض انجام دینے کے لیے تقریباً 8 ہزار روپے ماہوار پر رکھا جاتا ہے جن کی ذمہ داریوں میں لوگوں کے مال مویشیوں کو چوری ہونے سے بچانا ہے۔واضح رہے کہ دیامر میں گزشتہ ماہ بھی تقریباً 14 اسکولوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا جس میں سے نصف لڑکیوں کے تھے۔اس دوران کاگر نالہ کے پاس 3 پولیس افسران کو بھی قتل کردیا گیا تھا اور دیامیر کے ڈپٹی کمشنر کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔