تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے ،شمس الرحمن سواتی

104

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیرضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ پاکستان مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اس بحرانی کیفیت سے نکلنے کا واحد حل اسلامی نظام اورمدینہ جیسی اسلامی ریاست کاقیام ہے ہم مدینہ جیسی ریاست کے قیام کیلیے حکومت کے ہراقدام میں مددگارہوں گے ،پسے ہوئے مظلوم ومحروم طبقات کو ریلیف دینے کیلیے وفاقی وصوبائی حکومتیں مؤثرحکمت عملی اپنائیں ۔عید کے موقع پرکارکنان وذمے داران کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ عید الضحیٰ حقیقت میں اللہ کی اطاعت کے علاوہ شیطانی اور کبرو غرور پر مبنی خواہشات پر چھری چلانا ہے اوراس قربانی کے جذبے کوصرف ایک دن کیلیے نہیں بلکہ پورے سال کیلیے اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔کارکنان اورذمے داران عوام سے اپنا تعلق مضبوط کریں اوران کی خوشی وغمی میں بھرپور شرکت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت خود احتسابی کے عمل سے گزررہے ہیں ہرسطح پر کمی اورکوتاہی کا جائزہ لیا جائے اوراسے دورکرنے کیلیے مؤثراقدامات کیے جائیں مرکزی سطح پر بھی اس سلسلے میں کمیشن قائم ہے جوقومی سطح پر کمزوریوں کا جائزہ لے کرآئند ہ کی حکمت عملی کیلیے سفارشات مرتب کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل اسلام اوراسلامی قوتوں کا ہے بے شک حق غالب ہونے اورباطل مٹ جانے کیلیے ہے۔