صدر پاکستان کو صوبہ بلوچستان سے منتخب کیا جائے،حافظ حسین احمد 

84

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حالیہ صدارتی انتخاب میں 70سال کے بعد اب صدر پاکستان کو صوبہ بلوچستان سے منتخب کیا جائے تاکہ صوبے میں 70سال سے جاری احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مبار ک پور تحصیل ٹھل جیکب آباد سندھ سے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے، وفد میں حافظ محمد عثمان بھٹو، ابوبکر عباسی، علی جان، میر علی نواز بھٹو، بخش علی بھٹو اور دیگر شامل تھے، حافظ حسین احمد نے کہا کہ 70سالہ طویل عرصہ بلوچستان مسلسل شعوری طورپر وفاق کے نفاق کا شکار رہا جبکہ لیپا پوتی کے ذریعے ہمیں لولی پوپ ملتے رہے جبکہ تازہ لولی پوپ ہمیں باپ کے روپ میں عطا کیا گیا اب دیکھتے ہیں کہ اس کے بعد انجام بلوچستان کیا ہوگا، جمعیت کے رہنما نے کہا کہ اب بلوچستان کے حوالے سے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور مزید کوئی زورآوری معاملات کو نوریٹرن پر پہنچا سکتا ہے۔