پی ٹی آئی کے نامزد گورنر بلوچستان کرپٹ نکلے،جلد ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان 

158

کو ئٹہ( نمائندہ جسارت ) نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف جلد ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف 2015ء میں انکوائری کی منظوری دی گئی تھی ‘ منظوری اس وقت کے چیئرمین نیب قمر زمان کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ نے دی تھی، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کوئٹہ کڈنی سینٹر
میں چیف ایگزیکٹو تعینات تھے اور ان پر کڈنی سینٹر کے لیے طبی آلات اور سامان کی خریداری ‘ فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے۔ ترجمان کے مطابق نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور جلد ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان ہے، واضح رہے امیر محمد خان جوگزئی چلڈرن اسپتال کوئٹہ کے بھی ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں جب کہ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دے چکے ہیں، نامزد گورنر بلوچستان ابم بی بی ایس کی ڈگری رکھتے ہیں وہ ہیلپ بلوچستان ادارے کے صدر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرکے طور پر کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ (بی ایم سی ) میں ڈھائی سال بحیثیت رجسٹرار کے فرائض بھی انجام دیے ہیں۔