چودہ ستمبرکو عاشقان مصطفی ﷺتحفظ ناموس رسالت مارچ میں شریک ہونگے

66

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیرضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ 14ستمبرکوخطہ پوٹھوہارسے بڑی تعداد میں عاشقان مصطفی ﷺتحفظ ناموس رسالت مارچ میں شریک ہوں گے ۔عوام اورکارکنان اس دن جمعتہ المبارک کی نمازکے بعد درودشریف پڑھتے ہوئے جوق درجوق لیاقت باغ پہنچیں جہاں سے امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں مارچ اسلام آباد کیلیے روانہ ہوگا ۔ تحفظ ناموس رسالت ﷺمارچ کے سلسلے میں زونل ذمے داران کے پلاننگ اجلاس اور کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہنما جماعت اسلامی نے اپیل کی کہ آج کے خطبات جمعہ میں مساجد اور امام بارگاہوں میں خطیب و ائمہ حضرات ختم نبوت اور شان رسالت ؐ کے موضوعات پر خطاب کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرکے دنیا میں ایک نئی نظریاتی جنگ کاآغازکردیا گیاہے،بچیوں کے اسکارف سے خوفزدہ عالمی طاغوت اوریورپ بدترین پستی کاشکارہے ۔محمدعربی ﷺصرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلیے رحمت تھے مسلمان نبی مہربانﷺ کی ناموس پرکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم تمام مذاہب ، الہامی کتابوں ، انبیا اورمذہبی پیشواؤں کا احترام کرتے ہیں لیکن مٹھی بھرشیطان دنیاکے امن کوتباہ کرنے کے ایجنڈے پرہیں ۔ انہوں نے کہاکہعالم اسلام کو متحد ہو کر ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کو روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیے،پاکستانی حکومت باتوں اور مطالبات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ، نیدر لینڈ اور ہالینڈ سے اپنے سفیر وں کو واپس بلائے اور ان کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے ۔ ان ممالک کے ساتھ اس وقت تک سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع رکھے جائیں ، جب تک وہ اپنے شہریوں کو اس قبیح حرکت سے روک نہیں دیتے ۔انھوں نے کہاکہ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کے تحفظ کے لیے پوری امت کو اٹھ کھڑنا ہوناچاہیے خاص طور پر عالم اسلام کے حکمرانوں کو توہین آمیز خاکوں کو روکنے کے لیے آخری حد تک جانا چاہیے اور اقوام متحدہ اور ان بدبخت ممالک کو واضح پیغام دیا جائے جو خاتم النبیینؐ کے خاکے بنانے کے مقابلے کروا رہے ہیں ۔