ن لیگ اور پی پی کی ہٹ دھرمی سے پی ٹی آئی فائدہ اٹھا رہی ہے، بزنجو

59

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میرحاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ا گر اس وقت اپوزیشن متحد ہوتی تو پاکستان تحریک انصاف کے لئے حکومت کرنا کافی مشکل ہو جاتا بدقسمتی سے دونوں جماعتیں مفاہمت کے بجائے اپنی باتوں پر زور دے رہی ہیں جس کے باعث پاکستان تحریک انصاف فائدہ اٹھا رہی ہے اب بھی وقت ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرکے جمہوریت کی بقاء کے لیے جدوجہد کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ایک دور
سے ایک دوسرے کے مخالف سیاسی جماعت رہی ہے ان دونوں کو سیٹ ہونے کے لئے کم از کم 2 سے 3 مہینے لگیں گے کیونکہ حال ہی میں دونوں جماعتیں ہار چکی ہیں جب متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں یہ سب فیصلے ہو چکے تھے کہ صدر اور وزیراعظم کس پارٹی سے ہو گا تو اس کے بعد پیپلزپارٹی کا وزیراعظم کے نام پر اختلاف یا صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کا نام نامزد کرنا بے مقصد ہے ہم اپنی غلطیوں کے باعث حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو موقع دے رہے ہیں