راولپنڈی ،بنیادی مراکز صحت میں ناکافی سہولیات،اتائیوں کی موجیں

100

راولپنڈی (بی این پی )راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ضلع کے بنیادی مراکز صحت پر دستیاب وسائل کے تناسب سے علاج معالجہ کی کوریج بابت مانیٹرنگ رپورٹ میں مجموعی صورتحال اور کارکردگی حسب سابق غیر تسلی بخش قرار دیدی گئی۔سرکاری سطح پر علاج معالجہ کی یہ ابتر صورتحال اتائیت کو بڑھانے کا سبب بننے لگی ہے۔بی این پی ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود بنیادی مراکز کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔اکثر مراکز کی بلڈنگز کسی بھی صورت بھوت بنگلہ سے کم نظر نہیں آتیں۔بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات کی کمی سے متعلقہ علاقوں میں سرکاری طور پر علاج معالجہ کی صورتحال انتہائی گمبھیر ہوتی جا رہی ہے۔،ہیلتھ ڈیش بورڈ کے تحت جاری ماہانہ رپورٹ میں مزیدبتایا گیا کہ متذکرہ بنیادی مراکز صحت میں فراہم کردہ حکومتی وسائل کے تناسب سے ہیلتھ کوریج 53فیصد ہے جو کہ قبل ازیں64فیصد تھی۔گزشتہ دنوں سیکرٹری ہیلتھ نے افسران کی سرزنش بھی کی تھی،مگر اس کے باوجود صورتحال بہتر ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔دوسری جانب شہریوں کاکہنا ہے کہ مریض نان کوالیفائیڈ ڈسپنسرز کے پاس چیک کرانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ارباب اختیار کو بہتری کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔