بولان اسپتال کے سابق ایم ایس سمیت 4 افسران گرفتار

215

کوئٹہ (نمائندہ جسارت )محکمہ انٹی کرپشن نے غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں بولان میڈیکل اسپتال کے سابق ایم ایس سمیت چار سرکاری افسران کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ انٹی کرپشن حکام کے مطابق مالی سال 17۔2016 میں کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں مختلف شعبوں میں بھرتیاں کی گئیں جن کے بارے میں مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ منظور شدہ آسامیوں سے زائد بھرتیاں کرکے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔ ڈائریکٹر انٹی کرپشن مظفر ذیشان لہڑی کی
ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر عطا منیم کی سربراہی میں ڈی ایس پی محمد عابد، ڈی ایس پی عنایت اور سرکل آفیسر محمد قیوم نے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں بی ایم سی کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ محمد ایوب کاکڑ، ڈاکٹر رفیق اللہ ، ڈاکٹر رفیق لہڑی اور ایڈمن آفیسر بی ایم سی شیر محمد شامل ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔